اکثر پوچھے جانے والے سوالات




5 نومبر، 2014
  1. میں نے شعر درست لکھا ہے لیکن تقطیع میں 'کوئی مانوس بحر نہیں مل سکی' لکھا آ رہا ہے، اس کو کیسے درست کیا جائے؟

    اس کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں:
    • سب سی بڑی وجہ الفاظ کی غلط املا ہے۔ مثلاً 'ہے' کو 'ھے' لکھنا۔ یا پھر 'لکھا' کو 'لکہا' لکھنا۔ 'ح'، 'ہ' اور 'ھ' کے الگ الگ کوڈ ہیں ('ہ' کیبورڈ پر o, 'ح' کیبورڈ پر Shift + h اور 'ھ' h دبانے سے آتا ہے) اور ان کو ایک دوسرے سے تبدیل کرنے سے دو مسائل آتے ہیں۔ ایک تو ڈکشنری میں لفظ نہیں ملے گا اگر املا غلط ہو۔ مثلاً اگر 'ہمارا' کی جگہ ڈکشنری میں 'ھمارا' تلاش کریں تو اس کا کوئی جواب نہیں ملے گا۔ جبکہ 'ہمارا' ایک بہت ہی عام مستعمل لفظ ہے۔ دوسری خرابی وزن کا تبدیل ہونا ہے۔ چونکہ 'ھ' کا کوئی وزن نہیں ہے، تو اس کو 'ح' یا 'ہ' کی جگہ لکھنے سے وزن کہیں کا کہیں ہو جاتا ہے اور درست نتیجہ برآمد نہیں ہوتا۔
    • دوسری وجہ اضافت کا استعمال نہ کرنا ہے۔ فارسی یا پھر عربی-فارسی مرکب الفاظ میں شاعر اکثر اضافت کا استعمال کرتے ہیں۔ اضافت سے مراد پہلے لفظ کے آخر میں زیر ( ِ) یا اضافت کی علامت ( ٔ ) لگانا ہے۔ پہلی علامت کا یونیکوڈ u+0650 اور دوسری علامت کا یونیکوڈ u+0654 ہے۔ اضافت کے لئے 'ء' کا استعمال نہ کریں کیونکہ ایسا کرنے سے نہ صرف آپ کے مطلوبہ نتائج برآمد نہیں ہوتے بلکہ الفاظ کا وزن خراب ہونے کا امکان بھی بڑھ جاتا ہے۔ مثلاً 'شوخی تحریر' کا وزن 'شوخیِ تحریر' سے مختلف ہے۔ تو آپ 'شوخی تحریر' لکھ کر یہ توقع نہ رکھیں کہ نتیجے میں وزن 'شوخیِ تحریر' کا دکھایا جائے گا۔
    • اس کے علاوہ، جو بہت عام وجہ ہے، وہ سٹینڈرڈ یا معیاری کیبورٹ کا استعمال نہ کرنا ہے۔ عروض سائٹ الفاظ کے کوڈ (یونیکوڈ) کو استعمال میں لا کر الفاظ اور اشعار کا وزن نکالتی ہے۔ اگر کیبورڈ غلط استعمال کیا جائے تو الفاظ دیکھنے میں تو شائد درست ہوں لیکن اصل میں ایسا نہیں ہوتا۔ اکثر ایسا مسئلہ موبائل میں بنے کیبورڈ کے استعمال سے ہوتا ہے۔ لیکن ڈیسکٹاپ یا عربی کیبورڈ کے استعمال سے بھی یہ مسئلہ آ سکتا ہے۔
  2. کیبورڈ والے مسئلے کا حل کیا ہے؟

    عروض سائٹ کے ایڈیٹر میں اردو کاکیبورڈ پہلے سے ہی شامل ہے۔ آپ کو کوئی دوسرا اردو کیبورڈ (عربی کیبورڈ کا استعمال ہرگز نہ کریں) استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ انگریزی کیبورڈ پر انگریزی حروف لکھتے جائیں ان کا صوتی مقابل اردو میں خود بخود ٹائپ ہو گا۔ اگر آپ کو اپنا ہی کیبورڈ ہر صورت میں استعمال کرنا ہے تو پھر سوال نمبر 1 کے جواب کو اچھی طرح پڑھیں تاکہ املا کے مسائل پیدا نہ ہوں۔ ذیل میں کیبورڈ کا لے آؤٹ دیا گیا ہے۔ اس لے آؤٹ کا مآخذ یہ سائٹ ہے: کی-بورڈ لے-آوٹ
  3. عربی مرکب الفاظ کے لئے کیا قاعدہ ہے؟

    مثالیں: انا البحر، انا الحق، اسد اللہ، علم الغیب۔ ایسے تمام الفاظ کو اسطرح سے لکھیں: اناَ البحر، اناَ الحق، اسدُ اللہ، علمُ الغیب یعنی پہلے لفظ کے آخر میں 'زبر' یا 'پیش' لگائیں۔ دونوں الفاظ الگ الگ لکھیں۔
  4. تقطیع سیکشن کے نتیجے میں میرے اشعار کی غلط بحر دکھائی جا رہی ہے۔

    تقطیع سیکشن میں زیادہ سے زیادہ اشعار داخل کریں تو درست بحر دکھائے جانے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ لیکن بعض اوقات ایک مصرع بھی کئی بحور میں ہو سکتا ہے اور ایک شعر/غزل بھی۔ اس صورت میں نتیجے میں نیچے بحور کی فہرست پر کلک کرنے سے ان تمام بحور کو دیکھ سکتے ہیں جن میں آپ کے مصرعے تقطیع ہوتے ہوں۔ اگر پھر بھی مطمئن نہیں تو سوال نمبر 10 کا مطالعہ کریں۔
  5. اصلاح کے نتیجے میں کچھ الفاظ کا کوڈ '---' دکھایا جاتا ہے جو کہ غلط ہے کہ کسی بحر میں ایسی تقطیع ممکن نہیں۔

    ایسے تمام الفاظ کی تقطیع کرنے میں سسٹم ناکام ہو جاتا ہے۔ ان میں اکثریت ان الفاظ کی ہوتی ہے جو کہ سپیس کے بغیر لکھے جاتے ہیں۔ ہر لفظ کو الگ الگ لکھنے سے یہ مسئلہ نہیں آتا۔ مثلاً 'کافراناصنامکو' کو 'کافر ان اصنام کو' لکھیں۔ لیکن یہ عین ممکن ہے کہ کچھ درست الفاظ کی تقطیع بھی سسٹم نہ کر پا رہا ہو۔ تو ایسے تمام الفاظ کو رپورٹ کریں تاکہ آئندہ یہ مسئلہ نمودار نہ ہو۔
  6. الفاظ کی تقطیع غلط کر رہا ہے۔

    بعض الفاظ کی تقطیع کئی طریقوں سے ہو سکتی ہے۔ مثلاً لفط 'علم' کو بروزن فعْل اور فَعَل دونوں طرح باندھا جا سکتا ہے۔ اسی طرح لفط 'کیا' کو بروزن فع اور فَعَل باندھا جا سکتا ہے۔ تو ہو سکتا ہے آپ نے اپنے شعر میں علْم برون فعْل استعمال کیا ہو لیکن تقطیع عَلَم بروزن فَعَل ہوتا ہو۔ اس کے لئے تمام الفاظ جن کے اوزان کے متعلق معلومات موجود ہیں ان کو خط کشیدہ کیا گیا ہے۔ ان الفاظ پر ماؤس سے کلک کرنے سے ان الفاظ کے تمام ممکنہ اوزان دکھائے جائیں گے۔ مزید معلومات کے لئے لغت کا ربط بھی فراہم کیا گیا ہے۔ یہ سب کرنے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ آپ کو معلوم ہو کہ کن الفاظ کے مختلف اوزان موجود ہیں اور کون سا وزن اس وقت تقطیع میں استعمال کیا جا رہا ہے۔ 'علم' کی تقطیع دیکھیں: اسی طرح سے اس مصرع کو دیکھیں جس میں مرزا غالب نے 'کیا' کے دونوں اوزان استعمال کئے ہیں۔
  7. میرے اشعارفعلن فعلن/ بحرِ ہندی میں ہیں لیکن اصلاح میں کوئی اور بحر نظر آرہی ہے۔

    فی الوقت فعلن فعلن/ بحرِ ہندی اور بحر زمزمہ کی سپورٹ اصلاح سیکشن میں موجود نہیں ہے۔ تقطیع سیکشن میں یہ تمام بحور البتہ موجود ہیں۔
  8. تقطیع کے نتیجے میں کچھ مصرعے نظر نہیں آ رہے۔

    ایسے مصرعے جو کسی بھی بحر پر منطبق نہ ہوں ان کو نتیجے میں نہیں دکھایا جاتا۔ ایسا البتہ ممکن ہے کہ مصرع وزن میں ہو اور سائٹ اس کو وزن میں نہ بتائے۔ اس کے لئے ہم سے رابطہ کریں۔ لیکن پہلے اوپر والے جوابات کا مطالعہ کر لیں کہ اس کی وجہ شائد املا یا کیبورڈ کا مسئلہ ہو۔
  9. میرا مکمل کلام تقطیع کے نتیجے کے مطابق موزوں ہے، لیکن جب 'میری شاعری' میں شائع کروں تو '#موزوں' کا ٹیگ نہیں نظر آتا۔

    میری شاعری میں '#موزوں' کا ٹیگ خودکار طریقے سے لگایا جاتا ہے۔ تو اس بات کا خیال رکھیں کہ تقطیع سیکشن میں شاعری داخل کرتے وقت ہر لائن میں صرف اور صرف اپنے مصرعے لکھیں۔ جو بھی لائن تقطیع کے نتیجے میں نمودار نہیں ہوتی اس کو غیر موزوں تصور کیا جاتا ہے۔
  10. مجھے یقین ہے کہ میرا شعر/اشعار درست ہیں لیکن درست نتیجہ برآمد نہیں ہو رہا یا پھر سائٹ تقطیع میں ناکام رہی ہے۔

    اگر آپ نے اوپر دیئے گئے تمام قواعد کا خیال رکھتے ہوئے اشعار داخل کئے ہیں اور پھر بھی درست نتیجہ برآمد نہیں ہو رہا تو پھر عین ممکن ہے آپ کے اشعار کی بحر ہمارے سسٹم میں موجود نہ ہو۔ (ہماری بحور کی فہرست یہاں دیکھ سکتے ہیں) اس صورت میں اپنے اشعار ہمیں ارسال کریں تاکہ اس پر مزید ایکشن لیا جا سکے۔
  11. میں تقطیع یا اصلاح سیکشن میں ایسا کیا کروں کہ نتائج مکمل طور پر درست آئیں؟

    پہلے تو آپ اوپر کے سوالات کا مطالعہ کریں اور اپنے اشعار کو عام اغلاط سے پاک کریں۔ دوسرا قاعدہ یہ ہے کہ مصرعے جتنے ذیادہ ہوں گے اتنے ہی درست بحر کی نشاندہی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ اس لئے کم از کم بھی دو اشعار یا چار مصرعے ایک وقت میں داخل کریں (خاص طور پر اصلاح سیکشن میں)۔
  12. اس سافٹ ویئر کے نتائج پر کس حد تک انحصار کیا جا سکتا ہے؟

    چونکہ اس سائٹ پر اوزان خودکار طریقے سے ایک کمپیوٹر الگورتھم سے نکالے جاتے ہیں تو غلطی کے امکانات بھی موجود ہیں۔ آپ اپنے اشعار کی تخلیق کے خود ذمہ دار ہیں۔ ہم نے پوری کوشش کی ہے ہر طرح سے درست نتائج آئیں لیکن ہم کسی بھی طرح سے اس سافٹ وئیر کے دئیے گئے نتائج کی ذمہ داری نہیں لیتے۔ اس سافٹوئیر کو درج ذیل ایم-آئی-ٹی لائسنس کے تحت جاری کیا جا رہا ہے:
    THE SOFTWARE IS PROVIDED "AS IS", WITHOUT WARRANTY OF ANY KIND, EXPRESS OR IMPLIED, INCLUDING BUT NOT LIMITED TO THE WARRANTIES OF MERCHANTABILITY, FITNESS FOR A PARTICULAR PURPOSE AND NONINFRINGEMENT. IN NO EVENT SHALL THE AUTHORS OR COPYRIGHT HOLDERS BE LIABLE FOR ANY CLAIM, DAMAGES OR OTHER LIABILITY, WHETHER IN AN ACTION OF CONTRACT, TORT OR OTHERWISE, ARISING FROM, OUT OF OR IN CONNECTION WITH THE SOFTWARE OR THE USE OR OTHER DEALINGS IN THE SOFTWARE.
  13. مجھےاوپر دیئے ہوئے تمام جوابات میں اپنے سوال کا جواب کہیں نہیں ملا یا میں ان جوابات سے مطمئن نہیں ہوں۔ اب میں کیا کروں؟

    اس صورت میں ہم سے رابطہ کریں۔ اور ان اشعار کو بھی ہو بہو اپنے مسیج میں شامل کریں جن میں آپ کو مسئلہ درپیش ہے۔

0
12098
مجھے صرف ایک بات کی مکمل تشفی چاہیئے کہ میرے وہ اشعار جو آپ کے پہلے ورژن میں درست دیکھائے جاتے تھے اب ان اشعار کو آپ کا یہ دوسرا ورژن غلط ظاہر کر رہا ہے، کی بورڈ کا معاملہ نہیں ہے وہ میں نے اچھی طرح چیک کیا ہے اور نہ ہی املا ء کی غلطی ہے؟ مہربانی کر کے وضاحت کریں کہ پہلے ورژن میں اور اس دوسرے ورژن میں کیا فرق ہے؟ کس کو درست مانا جائے؟

0
آپ سے بات ہو سکتی ہے؟ اپنا فون نمبر دیں

0
اصلاح سیکشن میں الفاظ کی رنگت کیا ظاہر کرتی ہے؟؟

0
روانی اسکور کے بارے میں کسی مضمون کا حوالہ دیجئے یا ویسے ہی رہنمائی کر دیجئے۔

0
@kashif آپ وہ اشعار مجھے بجھوا دیں۔ تب ہی معلوم ہو سکے گا کہ کیا مسئلہ ہے۔ شکریہ۔

0
اسلام علیکم
اصلاح سیکشن میں الفاظ کی رنگت کیا ظاہر کرتی ہے

0
اسلام علیکم
برائے مہربانی وضاحت فرمایگا کہ شائع شدہ غزل میں مزید اشعار کا اضافہ یا ایڈٹ کیسے کیا جاسکتا ہے

0