اک شخص میرے واسطے زندہ ہی مر گیا
الزام میری زلفِ پریشاں کے سر گیا
وہ معتبر کہاں تھا جو رہتا تمام عمر
نظروں سے گر کے دل سے بھی میرے اتر گیا
واعظ کا مے کدے پہ کچھ ایسا اثر ہوا
اب مے کدے میں شور ہے ساقی کدھر گیا
مرنے پہ بھی مرے انہیں ہرگز نہ ہوگا غم
احباب یہ کہیں گے کہ اب دردِ سر گیا
اس دورِ موج خیز میں یہ بھی ہے حادثہ
انسان زندہ رہ گئے کردار مر گیا
شاید اسے کسی سے محبت شدید تھی
اشعار میرے پڑھ کے جو با چشمِ تر گیا
جس کے دل و زباں پہ فقط تیرا نام تھا
اے فارحہؔ وہ جونؔ تو کب کا گزر گیا

10
69
ویلکم بیک 😊

یہ ہر بار نام کیوں بدل جاتا ہے۔۔۔،🤔

ایک لمحے کو تو سوچ میں پڑ گیا کہ تبصرے میں لکھ دوں کہ یہ چوری کے اشعار ہیں پھر خیال آیا کہ پوری پڑھ کر تو دیکھوں اور آخر میں سر ذیشان کے تبصرے نے گستاخی سے بچا لیا ۔۔۔😇

شکریہ ذیشان صاحب😊♥️🌹

مصدق صاحب! معذرت چاہتے ہیں، در اصل کچھ مسائل تھےاس وجہ سے نام ہٹانا پڑا۔

0
سحر تخلص ہے

0
اللّٰہ تعالیٰ آسانیاں پیدا فرمائے آمین

یعنی اب آپ کے اشعار میں تین ناموں کا استعمال دیکھا جا سکتا ہے۔
فارحہ
شائلہ
سحر

براہِ کرم جو شاعری پہلے والی شناخت سے اس گروپ میں شائع ہوتی رہی وہ بھی عنایت فرمائیں۔

ان شاءاللہ 😊

ویسے ہمارا اصل نام فارحہ ہے، لیکن بچپن کے پرانے نام سے مشہور ہیں "شائلہ" 😅
بڑا مسئلہ ہے 😂

0
ایسے مسئلے زندگی کی رونق ہوا کرتے ہیں، شاد رہیں، آباد رہیں۔

0
اچھی غزل ہے - کچھ زبان و بیاں کے سقم ہیں انھیں بہتر کیجیئے تو بہتر ہے

اک شخص میرے واسطے زندہ ہی مر گیا
-- مرتا زندہ شخص ہی ہے - مُردہ نہیں مرتا - اس لیئے "ہی" یہاں اضافی ہے - اس کو بدل کے لکھیں -

وہ معتبر کہاں تھا جو رہتا تمام عمر
-- معتبر کا تمام عمر رہنے سے کیا تعلق ہے ؟ رہ تو غیر معتبر شخص بھی تمام عمر سکتا ہے - یہ عجزِ بیان ہے اسکو بہتر کریں -

احباب یہ کہیں گے کہ اب دردِ سر گیا
-- "اب" کے بجائے یہ "لو" کا محل ہے - احباب یہ کہیں گے کہ لو دردِ سر گیا

اس دورِ موج خیز میں یہ بھی ہے حادثہ
-- یہاں بھی "بھی" اضافی ہے - اگر دورِ موج خیز ہے تو اس کا مطلب ہی یہ ہے کہ وہ پہلے ہی حادثات سے پُر ہے - اس بات کو اس طرح کہا جاتا ہے کہ اس دورِ موج خیز میں اک یہ بھی ہے حادثہ ( وزن سے قطع نظر)

انسان زندہ رہ گئے کردار مر گیا
-- یہ تو کوئی حادثہ نہیں ہوا یہ تو عمومی بات ہے - انسان تو زندہ رہتے ہی ہیں اگر ان کا کردار مر بھی جائے تو -- غیر معمولی بات تو یہ ہوتی ہے کہ انسان مر بھی جائے مگر اس کا کردار زندہ رہے -


0
جی حضرت، جزاکم اللہ خیرا
ان شاءاللہ ہم درست کرکے دوبارہ ارسال کریں گے

0