کب وہ سنتا ہے کہانی میری |
اور پھر وہ بھی زبانی میری |
خلشِ غمزۂ خوں ریز نہ پوچھ |
دیکھ خوں نابہ فشانی میری |
کیا بیاں کر کے مرا روئیں گے یار |
مگر آشفتہ بیانی میری |
ہوں ز خود رفتۂ بیدائے خیال |
بھول جانا ہے نشانی میری |
متقابل ہے مقابل میرا |
رک گیا دیکھ روانی میری |
قدرِ سنگِ سرِ رہ رکھتا ہوں |
سخت ارزاں ہے گرانی میری |
گرد بادِ رہِ بیتابی ہوں |
صرصرِ شوق ہے بانی میری |
دہن اس کا جو نہ معلوم ہوا |
کھل گئی ہیچ مدانی میری |
کر دیا ضعف نے عاجز غالبؔ |
ننگِ پیری ہے جوانی میری |
بحر
رمل مسدس مخبون محذوف مسکن
فاعِلاتن فَعِلاتن فِعْلن |
||
رمل مسدس مخبون محذوف مسکن
فَعِلاتن فَعِلاتن فِعْلن |
||
رمل مسدس مخبون محذوف
فاعِلاتن فَعِلاتن فَعِلن |
||
رمل مسدس مخبون محذوف
فَعِلاتن فَعِلاتن فَعِلن |
اشعار کی تقطیع
تقطیع دکھائیں
معلومات