چاند ستارے قید ہیں سارے وقت کے بندی خانے میں |
لیکن میں آزاد ہوں ساقی چھوٹے سے پیمانے میں |
عمر ہے فانی عمر ہے باقی اس کی کچھ پروا ہی نہیں |
تو یہ کہہ دے وقت لگے گا کتنا آنے جانے میں |
تجھ سے دوری دوری کب تھی پاس اور دور تو دھوکا ہیں |
فرق نہیں انمول رتن کو کھو کر پھر سے پانے میں |
دو پل کی تھی اندھی جوانی نادانی کی بھر پایا |
عمر بھلا کیوں بیتے ساری رو رو کر پچھتانے میں |
پہلے تیرا دیوانہ تھا اب ہے اپنا دیوانہ |
پاگل پن ہے ویسا ہی کچھ فرق نہیں دیوانے میں |
خوشیاں آئیں اچھا آئیں مجھ کو کیا احساس نہیں |
سدھ بدھ ساری بھول گیا ہوں دکھ کے گیت سنانے میں |
اپنی بیتی کیسے سنائیں مد مستی کی باتیں ہیں |
میرا جی کا جیون بیتا پاس کے اک مے خانے میں |
بحر
اشعار کی تقطیع
تقطیع دکھائیں
معلومات