الوداع
میری لختِ جگر الوداع الوداع
میری نورِ نظر الوداع الوداع
میری نورِ بصر الوداع الوداع
میری بچی تجھے الوداع الوداع
ہو مبارک نئی زندگی کا سفر
تجھ کو لاحق نہ ہو کوئی غم کوئی ڈر
ہو مبارک تمھیں چاہتوں کا سفر
تجھ پہ کھل جائیں سارے محبت کے در
الوداع الوداع الوداع الوداع
رنگ لایا ہے ماں کی دعا کا ثمر
باخدا تیرا دولہا ہے رشکِ قمر
نُوجواں جس قدر ہے یہ جاذب نظر
اعلیٰ اِخلاق میں بھی ہے اِس کو ہنر
یہ سجیلا ہے ذِی علم اور باشعور
بن کے رہنا ہے اب تم کو اس کا غرور
آفریں آفریں با خدا آفریں
اپنی ماما کا دامن نہ تم چھوڑنا
اپنے بابا کی چاہت نہ تم بھولنا
اپنے بھائیوں سے ناطہ نہ تم توڑنا
زندگی کا سفر ہو مبارک تمھیں
تیری خوشیاں ہمیشہ سلامت رہیں
یہ بہاریں نہ دیکھیں خزائیں کبھی
کم نہ ہوں میرے رَب کی عطائیں کبھی
مان رکھا ہے میرا جو تو نے سدا
تجھ پہ اللّٰہ کی رحمت رہے گی سدا
شکریہ شکریہ شکریہ شکریہ
تجھ پہ رکھے خدا یونہی لطفِ نظر
تم پہ کھلتے رہیں یونہی خوشیوں کے در
تجھ کو لاحق نہ ہو کوئی غم کوئی ڈر
تیرا دولہا رہے یونہی رشکِ قمر
ہم سفر تیرا تجھ سے محبت کرے
یہ محبت یونہی تا قیامت رہے
طوطے مینا کی جوڑی سلامت رہے
اپنے سسرال کی تو جو عزت بنے
اس گھرانے سے تجھ کو محبت ملے
یونہی قائم رہے رحمتوں کی ردا
خوش رہے یہ گھرانہ ہمیشہ دعا
آفریں آفریں مرحبا مرحبا
میری بچی تجھے الوداع الوداع
تیرے بابا کے دل سے یہ نکلے دعا
تجھ پہ برسا کرے رحمتوں کی گھٹا
راستے سارے تجھ کو منور ملیں
تیرے خوابوں کو تعبیر کے پر ملیں
اک کلی سے نیا ایک گلشن کھلے
یہ گھروندا تمھارا خدا گھر کرے
الحفیظ الاماں الحفیظ الاماں
عرض سن آج میری تو میرے خدا
سارے ماں باپ کو یہ مسرت دکھا
بیٹیاں سب کی ہوں با خوشی الوداع
سن تو میری دعا سن تو میری دعا
الحفیظ الاماں الحفیظ الاماں
شہاب احمد
۱۴ ستمبر ۲۰۱۸

3
104
شہاب صاحب ماشااللہ دونوں نظمیں بہت پیاری ہیں ۔ اور آپکی اپنی بیٹی سے محبت کی عکاسی کرتی ہیں ۔ میری بیٹی کی شادی امسال نومبر میں طے پائی ہے ۔ کاش میں اپنی بیٹی کے لیے اتنی پیاری نظم لکھ سکتا ۔ میں کوشش ضرور کروں گا ۔ برائے مہربانی تھوڑی رہنمائی کر دیں ۔
ممنون
ڈاکٹر شاہد محمود

0
شاہد صاحب ۔ پزیرائی کیلئے ممنون ہوں ۔ یہ نظمیں میرے شعری سفر کی عکاس اور نمائندہ ہیں ۔ “بیٹیاں” میری پہلی نظم ہے ۔ اسی نظم سے شعری سفر کا آغاز ہوا۔ اور “الوداع الودع “ میری سب سے عمدہ تحریر۔ یبٹیاں سب کی سانجی ہوتی ہیں ۔ میں یہ نظم آپ کی بیٹی جو میری بھی بیٹی ہے کو تحفہ کرتا ہوں ۔ اللہ پاک ہماری بیٹیوں کو خوشیاں نصیب کرے۔ آمین ۔آپ اپنا کلام ضرور مجھ سے سانجھا کریں ۔

Shahab Sab, thank you very much for your generosity, I am feeling humbled. I will try to write something on the subject and share it with you for correction / improvement

0