علی مرتضیٰ لالہ زارِ محمدﷺ |
نگارِ خدا گل عذارِ محمدﷺ |
سراپا نبی کا سراپا علی ہیں |
یوں ٹھہرے علی یادگارِ محمدﷺ |
دیارِ نبی کے طلب گار سن لو |
درِ مرتضیٰ ہے دیارِ محمدﷺ |
علی کے بنا تو نبی نَے ملیں گے |
ہے روشن بیاں یہ قرارِ محمدﷺ |
دو عالم میں جو کچھ برائے شفا ہے |
وہ گردِ علی و غبارِ محمدﷺ |
جو گردِ رهِ مرتضیٰ گر بنو میں |
تو بن جاؤں گا میں غبارِ محمدﷺ |
خدا لائے دن اپنی آنکھوں سے دیکھوں |
درِ مرتضیٰ اور دیارِ محمدﷺ |
جہانِ ولا کے وہ ماہِ مبیں ہیں |
علی نیّر و فیض بارِ محمدﷺ |
کوئی استعارہ نبی کا جو تھہرے |
تو مولا علی مستعارِ محمدﷺ |
جو ہے واقفِ سرّ و رازِ نبی سے |
وہ حیدر ہی ہیں راز دارِ محمدﷺ |
امامِ علی سے امامِ زماں تک |
گلِ لالہ و گل بہارِ محمدﷺ |
فیوضِ نبی جن سے جاری ہوئے ہیں |
وہ ابنِ علی آبشارِ محمدﷺ |
وہ گوہر جو درِّ نبی و علی ہے |
وه ہیں فاطمہ افتخارِ محمدﷺ |
علی کی محبت ہے میری محبت |
عیاں ہے یہ قول و قرارِ محمدﷺ |
اثر اپنے مرشد کے صدقے میں دیکھے |
رُخِ لالہ و دل بہارِ محمدﷺ |
معلومات