خدا کے نور سے معمور ہے شمس الدحی چہرہ |
دلیلِ صدق کامل ہے مرے محبوب کا چہرہ |
ہوا جنت کا وارث جس نے بھی ایمان سے دیکھا |
حبیبِ کبریا، نورِ خدا کا والضحی چہرہ |
جدھر چاہا ادھر ہی قبلے کا رُخ کردیا رب نے |
اٹھا جب آسماں کی طر ف ان کا خوش ادا چہرہ |
نظر چہرے پہ پڑھ جاۓ اجالا دل میں آتا ہے |
سکونِ قلب و جاں ہے مصطفیٰ ﷺ کا دل رُبا چہرہ |
کبھی زم زم کی ٹھنڈک دے کبھی کوثر کی راحت دے |
بڑا ہی دل نشیں ہے ، آمنہ کے لال کا چہرہ |
نہیں تابش کوئی واللہ یہ سورج چاند تاروں میں |
ہے سب انوار پر غالب ،ترا بدر الدجی چہرہ |
خدا کی قدرتوں کے ہیں کرشمے اس کی ہر شے میں |
خدا کی شان کا مظہر ہے یہ قدرت نما چہرہ |
عتیق ان کے کرم کا ہی نظارہ ہو گا محشر میں |
تبسم جس گھڑی فرماۓ گا مشکل کشا چہرہ |
معلومات