جانور سی رہے گی خُو کب تک ؟ |
خوں سے آتی رہے گی بُو کب تک؟ |
بربریت بنامِ مذہب کیوں؟ |
اس کی ہو گی بھلا نَمو کب تک؟ |
کب ہوس کی نماز ہو گی ادا ؟ |
خونِ ناحق سے اور وضو کب تک؟ |
کب تلک دندنائیں گے قاتل ؟ |
رائیگاں جائے گا لہو کب تک؟ |
ظلم سہنا ہے اور اب کتنا؟ |
کب تلک اے مرے عَدو! کب تک ؟ |
کتنے پیوند ہم لگائیں اور؟ |
زندگی کو کریں رفو کب تک؟ |
تو خدا ہے تو حشر برپا کر |
دیکھتا ہی رہے گا تُو کب تک؟ |
معلومات