چشمِ نم، جانِ شوریدہ کافی نہیں |
تہمتِ عشق پوشیدہ کافی نہیں |
آج بازار میں پا بہ جولاں چلو |
دست اَفشاں چلو، مست و رقصاں چلو |
خاک برسر چلو، خوں بہ داماں چلو |
راہ تَکتا ہے سب شہرِ جاناں چلو |
حاکمِ شہر بھی، مجمعِ عام بھی |
تیرِ الزام بھی، سنگِ دشنام بھی |
صبحِ ناشاد بھی، روزِ ناکام بھی |
ان کا دم ساز اپنے سوا کون ہے؟ |
شہرِ جاناں میں اب باصفا کون ہے؟ |
دستِ قاتل کے شایاں رہا کون ہے؟ |
رختِ دل باندھ لو دل فگارو چلو |
پھر ہمیں قتل ہو آئیں یارو چلو |
بحر
متدارک مثمن سالم
فاعِلن فاعِلن فاعِلن فاعِلن |
اشعار کی تقطیع
تقطیع دکھائیں
معلومات