بساطِ عجز میں تھا ایک دل یک قطرہ خوں وہ بھی |
سو رہتا ہے بہ اندازِ چکیدن سر نگوں وہ بھی |
رہے اس شوخ سے آزردہ ہم چندے تکلّف سے |
تکلّف بر طرف، تھا ایک اندازِ جنوں وہ بھی |
خیالِ مرگ کب تسکیں دلِ آزردہ کو بخشے |
مرے دامِ تمنّا میں ہے اک صیدِ زبوں وہ بھی |
نہ کرتا کاش نالہ مجھ کو کیا معلوم تھا ہمدم |
کہ ہوگا باعثِ افزائشِ دردِ دروں وہ بھی |
نہ اتنا بُرّشِ تیغِ جفا پر ناز فرماؤ |
مرے دریائے بیتابی میں ہے اک موجِ خوں وہ بھی |
مئے عشرت کی خواہش ساقیِ گردوں سے کیا کیجے |
لیے بیٹھا ہے اک دو چار جامِ واژگوں وہ بھی |
مرے دل میں ہے غالبؔ شوقِ وصل و شکوۂ ہجراں |
خدا وہ دن کرے جو اس سے میں یہ بھی کہوں، وہ بھی |
بحر
ہزج مثمن سالم
مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن |
اشعار کی تقطیع
تقطیع دکھائیں
معلومات