ہمیشہ مدینے میں تاباں زماں ہے
مدینے سے سارا منور جہاں ہے
مدینہ میں نوری صبا و مسا ہیں
مدینہ میں دائم ارم کا سماں ہے
مدینہ نگینہ ہے کونین رب کا
درخشاں مدینے میں ہر گلستاں ہے
سجے ہیں مدینے سے طالع دہر کے
عطائے مدینہ جہاں پر عیاں ہے
تسلسل ہے بارانِ رحمت میں اس جا
حبیبِؐ خدا کا جو روضہ یہاں ہے
کرے رشک اس پر ضیا طورِ سینا
منور یہاں کا زمان و مکاں ہے
مدینے سے توحید کا نور پھیلا
اٹھی اس جگہ سے بلالی اذاں ہے
یہ جا رحمتِ کبریا کا ہے قلزم
مدینے کی نوری سدا داستاں ہے
نبی سے مدینے کو توقیر حاصل
نبی سے مدینہ ہوا ضوفشاں ہے
کشادہ ہے داماں یہاں نوریوں کا
یہاں جانِ ہستی نبی جانِ جاں ہے
نبی پاس لائیں خطا والے نامے
طریقہ یہ قرآن کرتا بیاں ہے
ہیں جب بھی خطا کار آئے مدینے
شفیع اُن کو ملتا یہاں مہرباں ہے
ہے راضی خدا بھی خوشی میں نبی کی
اے محمود میرا نبی مہرباں ہے

0
5