پیاری جہاں میں اللہ کو صورتِ محمد
لازم خدا نے کی سب پر طاعتِ محمد
معراج کو بلا کر ہے عرش سے بھی اونچا
کیسی بڑھائی ہے رب نے رفعتِ محمد
کردار میں کوئی بھی ثانی نہیں شہا کا
دنیا میں سب سے اعلی ہے سیرتِ محمد
یثرب بنا مدینہ، مٹی بنی شفا ہے
پھیلی وہاں پہ ساری یہ برکتِ محمد
سب انبیاء ہیں اعلی، رتبے عظیم سب کے
لیکن نرالی ہے سب سے عظمتِ محمد
آقا کھڑے ہو جائیں گے پل صراط پر جب
تو وجد کرتے گزرے گی امتِ محمد
خود ہی جحیم سے لے آئیں گے ساری امت
اللہ سے بھی ایسی ہے قربتِ محمد
عاجز فدا ہے تم پر اپنے فواد و جاں سے
مجھ کو ملی ہے نسلوں سے الفتِ محمد

0
1