مکاں سکُوت میں ہے، کوئی داس ہے کہ نہِیں؟ |
گئے دِنوں کی رچی اِس میں باس ہے کہ نہِیں؟ |
سِتارے آنکھوں کے اِک ایک کر کے بیچ دِیئے |
دِیا بُجھا سا کوئی اپنے پاس ہے کہ نہِیں؟ |
کِسان بِیج تو بوتا ہے کاٹتا ہے بُھوک |
ٹٹولو جِسم پہ کُچھ اِس کے ماس ہے کہ نہِیں؟ |
کرُوں میں بات تحمُّل سے تُم کرو حملے |
شرافتوں کی زُباں کہہ دو راس ہے کہ نہِیں؟ |
کہا تھا ہم نے محبّت کا مان ہے لازِم |
ہر ایک شخص ابھی محوِ یاس ہے کہ نہِیں؟ |
جو اہلِ حق ہے بتائے کہ با وفا بِیوی |
ہمارا ننگ، ہمارا لباس ہے کہ نہِیں؟ |
ملال چہروں پہ جو دوسروں کے ملتا رہا |
نتِیجہ یہ کہ ابھی خُود اُداس ہے کہ نہِیں؟ |
کہا بھی تھا کہ محبّت انا سے بالا تر |
گہے نِیاز، گہے اِلتماس ہے کہ نہِیں؟ |
رشیدؔ! چاند پہ جانا نہِیں، زمیں کے ہیں |
زمین زاد، شرافت اساس ہے کہ نہِیں؟ |
رشِید حسرتؔ |
معلومات