زہے قسمت سعادت یہ عطا ہو
دل و جاں سب محمد ﷺ پر فدا ہو
مرا مقصود بس تیری غلامی
زمانہ مجھ سے ہوتا ہے خفا ہو
تڑپتا رہتا ہے ہجرِ نبی میں
دلِ بے تاب کی کوئی دوا ہو
کریم ایسا کہ ہر ظلم و ستم پر
کہے دشمن سے بھی تیرا بھلا ہو
الٰہی زندگانی میں ہمیشہ
درودِ پاک ہی لب پر سجا ہو
فنا اس کو اجل بھی کر نہ پائے
ترے قدموں پہ جو قرباں ہوا ہو
نثار اس کے مقدر پر دو عالم
نبی کا عشق جس دل میں بسا ہو
مرے آقا شفیعِ عاصیاں ہیں
عجب کیا ناز دامن میں چھپا ہو
دمِ رخصت ہو جب نازِ حزیں کا
لبوں پر نغمۂ صلِ علیٰ ہو

0
39