رَسُولُ اللہ کا ذِکرِ خَیر ہے، نُورِ مُبیں وَاللہ
جو گُزرے یاد میں اُن کی، وَہ ہے لمحہ حَسِیں وَاللہ
دُرُود اُن پر، سَلام اُن پر، ہَمیشہ بھیجتے رہنا
خُدا کا ہے پَسندیدہ عَمَل، یہ بِالیقیں وَاللہ
غُلامی اُن کی بخشی ہے خُدا نے اپنے بندوں کو
یہی دَولت ہے دُنیا میں، یہی حِصنِ حَصِیں وَاللہ
محبت سے پڑھا جس نے قصیدہ آپ کے رخ کا
خدا بخشے گا ان کو پھر جَمالِ دل نشیں واللہ
عتیق ان کی ثنا میں تو قلم مصروف رکھ اپنا
خدا کر دے گا دل تیرا مدینے کا مکیں واللہ

0
1