شبِ تنہائی میں دل میں تمہیں ہم نے اتارا ہے
غمِ دوراں کے طوفاں میں خدا کا ہی سہارا ہے
ہماری بے خودی پر بے رخی سے وار مت کیجے
محبت کے تقاضوں نے ہمیں جاں سے گزارا ہے
نہ جانے کس خطا پر ہو گئیں برہم سبھی نظریں
تمہاری یاد کا ہر غم، ہمیں دل سے گوارا ہے
نہ کوئی نوحہ ہونٹوں پر، نہ آنکھوں میں نمی کوئی
زمانے کا دیا ہر درد اللہ نے سنوارا ہے
سمندر تشنہ کامی کا، نہ جانے کون ساحل ہو
سفر تاریک ہے لیکن افق پر اک ستارا ہے
وفا کی رہگزر میں جو لٹا وہ جیت جائے گا
خدا کا ساتھ مل جائے تو پھر کیسا خسارا ہے
تمہیں اب کون چاہے گا بھلا عادلؔ کی صورت یوں
جسے ٹھکرا کے تم نے آج غیروں کو پکارا ہے

0
5