ہادی خدا کے، بولتے قرآں علی نقیؑ |
ہیں دینِ کبریا کے نگہباں علی نقیؑ |
آتی ہیں ساتھ ساتھ وہاں جنتیں تمام |
ہوتے جہاں بھی آکے ہیں، مہماں علی نقیؑ |
سونے کے تاروں سے ہے بَنا جَنّتی لباس |
یاقوت و موتی کی بھی ہیں کلیاں علی نقیؑ |
حوریں کنیز بن کے بہت فخر کرتی ہیں |
بنتے ملک ہیں آپ کے درباں علی نقیؑ |
گاتے ہیں گیت سارے پرندے بھی اسطرح |
نغموں میں کہتے ہیں یہی؛ ایماں علی نقیؑ |
بت کو چھپا کے رکھتے ہیں دل میں جو اہلِ کیں |
تھامے وہ کیسے آپ کا داماں علی نقیؑ |
اللہ نے وہ نور عطا آپ کو کیا |
ہوتے ہیں ماہ و مہر بھی قرباں علی نقیؑ |
نازاں بھی ہے رواں بھی ہے صائب کا جو قلم |
مضمون کا جو آج ہے عنواں علی نقیؑ۔ |
معلومات