دل کو چھو لے گی جو لہجے میں روانی آ گئی
یوں لگا اشعار میں پھر سے جوانی آگئی
آپ کی صحبت معطّر کر گئی کام و دَہَن
“اب مری گفتار میں بھی گل فشانی آ گئی”
دل کے ویرانے میں جب یادوں نے دی دستک تو پھر
داستاں میں خوبصورت سی کہانی آ گئی
اپنے اندر جھانک کر دیکھا تو یہ عقدہ کھلا
خود سے ملنے میں عجب سی لن ترانی آ گئی
ہم نے جب لہجے سے نفرت کا دھواں باہر کیا
خودبخود ہی بات میں شیریں لسانی آ گئی
عشق نے جب عقل کے سب فلسفے چلتے کیے
زندگی میں اک سکینت نا گہانی آ گئی
وقت نے چہرے سے جب گردِ انا کو دھو دیا
آئینے میں پھر وہی صورت پرانی آ گئی
روشنی تقسیم کرنے کا ہنر سیکھا تو پھر
تیرگی کے شہر میں بھی شادمانی آ گئی
ہم نے خاموشی کو جب اظہار کا پیکر دیا
بے زباں لمحوں میں بھی اک ترجمانی آ گئی
اپنے حصے کی جو طارِق دھوپ کو بانٹا نہیں
دوسروں کے واسطے بھی سائبانی آ گئی

0
5