بہت مشکل ہے دشواری بہت ہے |
تری دنیا میں مکاری بہت ہے |
یہ مومن کا اگر ہے قید خانہ |
تو کیوں دنیا ہمیں پیاری بہت ہے |
بہت ہی کم ہیں جو ملتے ہیں دل سے |
کہ لوگوں میں اداکاری بہت ہے |
وہی روزہ نہیں رکھتے ہیں اکثر |
وہ جن کے گھر میں افطاری بہت ہے |
یہ مانا ہے خطا میری بھی تھوڑی |
ترا لہجہ تو بازاری بہت ہے |
جہاں پر مستقل رہنا نہیں ہے |
وہیں رہنے کی تیاری بہت ہے |
عبادت جس طرح کرتے ہو ازہر |
عبادت کم ریاکاری بہت ہے |
معلومات