ہر زندگی کے موڑ پہ تقویٰ رہے شعار |
قرآں کا حکم ہے یہی آیا جو بار بار |
تقویٰ کی راہ کہتے ہیں باریک ہے بہت |
چلنا ہے پُل صراط پہ جس کی ہے تیز دھار |
دنیا کی ہر قدم پہ کشش کھینچتی تو ہے |
ترجیح دِیں کو دیتا ہے بندہ جو ہوشیار |
شیطاں بُلائے کتنے حسیں روپ دھار کر |
انساں رہیں ہمیشہ ہی اس سے سَتیزہ کار |
تقویٰ کو جو سمجھ نہ سکیں دھوکہ کھاتے ہیں |
ظاہر کو دیکھ کر ہی وہ کرتے ہیں جاں نثار |
تقویٰ کے امتحان میں جو کامیاب ہوں |
وہ سر بُلند فخر سے پاتے ہیں افتخار |
ہر حکم جو خدا کا ہے اس پر عمل کریں |
تا بخش دے خدا انہیں بیڑہ ہو ان کا پار |
تقویٰ کے ہر قدم کی بنا عاجزی پہ ہو |
نخوت کا متّقی کوئی پہنے کبھی نہ ہار |
مغرور اُس کے قُرب کو حاصل نہ کر سکے |
اُس کو پسند آئے ہے بندے میں انکِسار |
طارق خدا کے فضل سے توفیق یہ ملے |
ایسا عمل ہو نیک کہ پا جائیں رب کا پیار |
معلومات