| چین آۓ نہ ہی قرار مجھے |
| ہو گیا ہے کسی سے پیار مجھے |
| آپ اپنی ہی بس تلاش میں ہوں |
| آپ اپنا ہے انتظار مجھے |
| یاد آتا ہے تھام کر ساغر |
| وہ تری آنکھ کا خمار مجھے |
| کب تلک شرم یہ حیا یہ حجاب |
| وصل سے کر دے ہم کنار مجھے |
| سرمہ سا آنکھ میں لگا مجھ کو |
| زلف کی طرح سے سنوار مجھے |
| بھول جاؤں میں کس طرح تجھ کو |
| تو ہی بتلا دے میرے یار مجھے |
| ہے عجب کس قدر یہ دل کی لگی |
| بے قراری میں ہے قرار مجھے |
| بات تقدیر کی ہی جب ٹھہری |
| کیوں دیا تھا پھر اختیار مجھے |
| لاۓ تشریف گھر ہیں عزرائیل |
| آپ ہی کا تھا انتظار مجھے |
معلومات