ادا سے رجھانے کی کوشش نہ کرنا
مرا دل چرانے کی کوشش نہ کرنا
حسینوں پہ کرنا کبھی مت بھروسا
نصیب آزمانے کی کوشش نہ کرنا
لگانا نہ دل تم کسی نازنیں سے
دل و جاں لٹانے کی کوشش نہ کرنا
خبردار برقِ تپاں کر دیا ہے
مرا گھر جلانے کی کوشش نہ کرنا
بڑے تم حسیں ہو گے اپنی جگہ پر
ستم آزمانے کی کوشش نہ کرنا
بڑی مشکلوں سے بھلایا ہے تم کو
خیالوں میں آنے کی کوشش نہ کرنا
ادا کرنی ہوگی بہت اس کی قیمت
کبھی مسکرانے کی کوشش نہ کرنا
اٹھے گا نہ تم سے یہ بارِ محبت
یہ زحمت اٹھانے کی کوشش نہ کرنا
حقارت سے پھر تم کبھی میری جانب
یوں نظریں اٹھانے کی کوشش نہ کرنا
میں مر کر بھی خوابوں میں آؤں گا تیرے
مجھے بھول جانے کی کوشش نہ کرنا
عنایت کرو تم عدو پر نہ اتنی
یہ چکر چلانے کی کوشش نہ کرنا
مجھے اپنے تیرِ مژه کا ستمگر
نشانہ بنانے کی کوشش نہ کرنا
دو نمناک آنکھوں میں تم اپنی قادر
سمندر چھپانے کی کوشش نہ کرنا

0
2