سنو! بغداد والے کی ولایت ایسی ہوتی ہے
پڑھایا چور کو کلمہ کرامت ایسی ہوتی ہے
تسلی آپ دیتے ہیں مُرِیدِی لَا تخف کہکر
یقیناً غوث اعظم کی لطافت ایسی ہوتی ہے
سخی ابنِ سخی داتا محی الدین جیلانی
عطا کرتے ہیں بِن مانگے سخاوت ایسی ہوتی ہے
کہیں سے دے صدا کوئی مدد کرتے ہیں وہ فوراً
ہمارے غوثِ اعظم کی سماعت ایسی ہوتی ہے
عیاں ہرحال ان پرہے دلوں کے بھید سے واقف
بصیرت ایسی رکھتے ہیں بصارت ایسی ہوتی ہے
چلی کشتی سوئے ساحل براتی پا گئے منزل
جنابِ غوث کی واللہ عنایت ایسی ہوتی ہے
کوئی بھی بال بِیکا اے تصدق! کر نہیں سکتا
مدد یا غوث کہنے سے حفاظت ایسی ہوتی ہے

0
81