| صحابہ سارے بیٹھے تھے نبی کی پاک محفل میں |
| اچانک اجنبی آیا سوالوں کو لیے دل میں |
| لباس اس کا بہت اجلا، سیہ تھے بال بھی اُس کے |
| تھے آثارِ سفر غائب، عجب تھے حال بھی اُس کے |
| نبی کے پاس جا بیٹھا وہ اپنے زانو خم کر کے |
| ملا کر اپنے گھٹنوں کو نبی کے پاک گھٹنوں سے |
| یہ بولا ہاتھ کو رکھتے ہوئے گھٹنوں پہ وہ اپنے |
| کہ مجھ کو اۓ محمد تو بتا اسلام کے بارے |
| تو آقا نے کہا اس سے گواہی اک خدا کی دو |
| سوائے اس کے اور کوئی نہیں معبود بھی بولو |
| گواہی دو، محمد ہیں خدا کے بندۂِ برحق |
| گواہی دو، محمد ہیں رسولِ خالقِ مطلق |
| نماز اپنی کرو قائم زکاة اپنی ادا کردو |
| جب آئے ماہِ رمضاں تو ہر اک روزے کو تم رکھو |
| پھر آقا نے کہا اس سے فریضہ یہ ادا کرنا |
| اگر ہو استطاعت حج بیت اللہ کرلینا |
| پھر آقا سے کہا اس نے مجھے ایمان بتلاؤ |
| کہ اس کی کیا حقیقت ہے مجھے تم خوب سمجھاؤ |
| کہا ایمان لا ، تقدیر اور یومِ جزا پر بھی |
| فرشتوں پر کتابوں پر رسولوں اور خدا پر بھی |
| یہ سن کر اجنبی بولا صدقت آپ سچ بولے |
| رسول پاک کے اصحاب حیرت میں پڑے سارے |
| کہ آخر کون ہے یہ جو سوال از خود ہی کرتا ہے |
| سوالوں کے جوابوں کی بھی خود تصدیق کرتا ہے |
| نبی سے پھر کہا اس نے فاخبرنی عن الاحسان |
| تو آقا نے جوابا بزم میں جاری کیا فرمان |
| نبی بولے عبادت اپنی ایسے تو کیا کرنا |
| کہ جیسے دیکھتے ہو رب کو تم دل میں یقیں رکھنا |
| اگر ایسا نہ ہوپائے تو پھر تو یہ گماں رکھنا |
| تجھے رب دیکھتا ہے اپنے دل میں یہ عیاں رکھنا |
| پھر اس کے بعد اس نے پوچھا محشر کب بپا ہوگا |
| سبھی انسان کا اس دن بتاؤ حال کیا ہوگا |
| تو آقا نے کہا اس بات سے خود میں بھی ہوں انجان |
| نہ تجھ کو علم ہے اس کا نہ مجھ کو کوئی ہے عرفان |
| تو سائل نے کہا اس کی نشانی ہی بتاؤ کچھ |
| کہ کیا ہوگی علاماتِ قیامت اب سناؤ کچھ |
| نبی بولے قیامت ہوگی قائم تب زمانے میں |
| جنے گی باندی ربہ کو اپنی جب زمانے میں |
| برہنہ پیر چرواہے، محل اونچے بنائیں گے |
| وہ ننگے جسم والے بھی، بڑی نخوت دکھائیں گے |
| گیا جب اجنبی تو آقا بولے کچھ پتا بھی ہے |
| عمر یہ کون آیا تھا خبر تم کو ذرا بھی ہے |
| عمر بولے کہ زیادہ علم اللہ اور نبی کو ہے |
| نہیں ان کے علاہ علم ہم میں سے کسی کو ہے |
| نبی بولے وہ جبریلِ امیں تشریف لائے تھے |
| تمہیں اے میرے یارو دین وہ سمجھانے آئے تھے |
| تقیؔ ہر دین سے دینِ محمد سب سے افضل ہے |
| جو بھی اس کے علاوہ ہے وہ گمراہی کی دلدل ہے |
معلومات