مبارک عید کی خوشی دعا کا استجاب ہو
قدم قدم ہو سرخرو تمہارا جب حساب ہو
تمہارے ساتھ عمر بھر رہیں جو کیں عبادتیں
علوم ہوں نصیب جن کی رہنما کتاب ہو
نگر نگر پھرے مگر کہیں ملا نہ وہ گہر
جو چندے آفتاب ہو جو چندے ماہ تاب ہو
جمال و حسنِ یار ہے جو چال میں وقار ہے
جو اس کے ساتھ تم چلو مصاحبِ نواب ہو
زمانے بھر کی نعمتیں خدا کرے تمہیں ملیں
قدم قدم دُعا تمھارے ساتھ بے حساب ہو
جہاں کہیں بھی تم رہو ہمیشہ یوں ہی خوش رہو
خدا کرے نصیب میں تمہارے آب و تاب ہو
چلے چلو جو رات ہے یہ کچھ دنوں کی بات ہے
کھلا ہوا ملے تمہیں جو رحمتوں کا باب ہو
رہیں بلند حوصلے بڑھا او علم اس قدر
سوال گر کرے کوئی جواب لاجواب ہو
اگر لبوں پہ ہو دُعا مرَض رہے نہ لا دوا
کوئی بھی ہو علاج میں تمہیں نہ اضطراب ہو
ترقّیاں تمہیں ملیں جہاں بھی روزگار ہو
جو کام حوصلے کا ہو تمہارا انتخاب ہو
تمہاری خدمتوں سے خوش تمہارا رہنُما رہے
ہے وقت بہترین جب کہ عالمِ شباب ہو

0
4