| لمحہ لمحہ مانگتا ہوں، میں عطائے مصطفٰیؐ |
| ایک دن مل جائے گی، مُجھ کو رضائے مصطفٰیؐ |
| مُجھ کو مولا کر عطا، ایسی ثنائے مصطفٰیؐ |
| جس کے صدقے ہو عطا، مُجھ کو رِدائے مصطفٰیؐ |
| اس تمنا کے علاوہ کوئی حسرت اب نہیں |
| نقش میری خاک پر ہو جائے پائے مصطفٰیؐ |
| ہاتھ میں ہے گنجِ رحمت اور "یَدُ اللّٰہ" ہاتھ ہیں |
| ہر گَھڑی ہے دَستِ مولا، بَر گَدائے مصطفٰیؐ |
| "کُنْتُ کَنْزاً" کی مُحبت، ہے ولایت کی ضِیا |
| تا اَبد ہے فیض پَرور، یہ ولائے مصطفٰیؐ |
| رب کے نائبؐ در حقیقت، کامِلِ انسان ہیں |
| کاملیّت کے مَراتب، ہیں بَرائے مصطفٰیؐ |
| اسمِ احمدؐ اور محمدؐ، حامد و محمود ہیں |
| حمد باری کا پَھریرا، ہے لِوائے مُصطفٰیؐ |
| میم کے پردے میں ظاہر، ہیں صفاتِ ذُوالجلال |
| عکسِ اَسمائے اِلٰہی، ہے اَدائے مصطفٰیؐ |
| گامزن ہے رفعتوں پر نُورِ روحِ مصطفٰیؐ |
| بڑھ رہی ہے لمحہ لمحہ، یہ ضیائے مصطفٰیؐ |
| ہر دو عالم ہیں محمدؐ مصطفیٰ پر جاں نثار |
| یہ غُلامِ ناتواں بھی، ہے فِدائے مصطفٰیؐ |
معلومات