ڈھلا ہے آپ کا دھیرے سے جب شباب جناب
مٹا ہے عاشقوں کے دل کا اضطراب جناب
رہیں گی ساتھ بہاریں خوشی ہو یا ہو غم
کھِلے ہیں عشق کے آنگن میں اب گلاب جناب
اتر گیا ہے سہانا سما خیالوں سے
جو وقت ساتھ کٹا تھا ہوا ہے خواب جناب
لگن ہے عشق کو گہرائی سے میں جان سکوں
مرے لیے نہیں کافی فقط نصاب جناب
یہ حادثات رہِ عشق کی روایت ہیں
نہ سمجھیے گا انہیں جان پر عذاب جناب
بدل ہی جائے گی یہ تیرگی اجالوں میں
کہ اہلِ حق بھی کبھی ہوں گے کامیاب جناب
کہیں نہ شور شرابے سے آئی تبدیلی
لہو میں تَیر کے آتا ہے انقلاب جناب

0
2