درمدحتِ اصحابِ مصطفیٰ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہم اجمعین
عرض نمودہ : محمد حسین مشاہد رضوی
خدا کے رضی ہیں نبی کے صحابہ
سبھی جنتی ہیں نبی کے صحابہ
خدا اُن سے راضی، نبی اُن سے راضی
بڑے ہی دھنی ہیں نبی کے صحابہ
نہ غالب کبھی ہو سکا اُن پہ باطل
کچھ ایسے قوی ہیں نبی کے صحابہ
وہ مردانِ میداں وہ فخرِ شہیداں
نہایت جری ہیں نبی کے صحابہ
نجومِ ہدایت کہا اُن کو شہ نے
ہمارے نجی ہیں نبی کے صحابہ
وہ سب کچھ لٹا دیتے ہیں دینِ حق پر
بہت ہی سخی ہیں نبی کے صحابہ
ہیں صدیق و فاروق و سلمان و بوذر
غنی ہیں علی ہیں نبی کے صحابہ
قیامت تلک عظمتوں رفعتوں کا
نشانِ جلی ہیں نبی کے صحابہ
وہ کذّاب ہے جو برا اُن کو بولے
دُرِ راستی ہیں نبی کے صحابہ
ہیں قرآں کی آیات اُن کی ثناخواں
رُخِ برتری ہیں نبی کے صحابہ
سراپا وفا و صفا زہد و الفت
سبھی متّقی ہیں نبی کے صحابہ
احادیث بھی کر رہی ہیں اشارہ
تمام آہنی ہیں نبی کے صحابہ
لکھوں کیوں نہ اُن کے مناقب مشاہد
مری زندگی ہیں نبی کے صحابہ

76