طاغوت ، حکمران کی طاقت ہے آجکل |
دھوکہ دہی فریب سے عزّت ہے آجکل |
پیمانہ کامیابی کا مکر و فریب ہے |
دجّال کی اسی لئے شہرت ہے آجکل |
کس طور سے ملی ہے نہ پوچھے گا یہ کوئی |
سب سے ضروری ہو گئی دولت ہے آجکل |
دو وقت کی روٹی بھی کمانا ہوا مشکل |
بے فائدہ غریب کی محنت ہے آجکل |
عیّاری و مکاّری ، ریا کاری ہے دیکھو |
روزہ نماز حج بھی تجارت ہے آجکل |
گنتی کے چند لوگ ہیں دیتے ہیں جو زکوٰة |
اک کاروبار ، ساری عبادت ہے آجکل |
بھائی کو مرتے دیکھ کے پروا نہیں ذرا |
پر مانگتا خدا سے وہ نصرت ہے آجکل |
کیا وقت اور آئے گا اترے گا جب مسیح |
دیدار اس کا ہو ، بڑی حسرت ہے آجکل |
حاذق طبیب ہو گا زمانے کا بھی کوئی |
بیماریوں کی ہو گئی کثرت ہے آجکل |
طارقؔ خدا سے نور تو سب کو عطا ہوا |
محروم ، آنکھ ہی سے بصارت ہے آجکل |
معلومات