میں اکثر سوچتا ہوں زندگی کی شکل کیا ہوتی ؟
تباہی وصل نے کی زندگی بے وصل کیا ہوتی ؟
چمن میں ہر طرف ہی خار تھے واں پھول کیا کھلتے
نہ بوتے نفرتیں تو زندگی کی فصل کیا ہوتی ؟
تمہیں اس جسم کے سرداب میں میں نے جگہ دی تھی
تمہیں بے دخل کرتے زندگی دراصل کیا ہوتی ؟
شکستہ جزو مل کر کچھ شکستہ ہی بناتے ہیں
تمہیں ملتے نہ پھر تو ہم ہماری نسل کیا ہوتی ؟
وہ کہتے ہیں کہ اپنی زندگی اک وہم ہے شاہدؔ
اگر یہ نقل ہے میں سوچتا ہوں اصل کیا ہوتی ؟

0
44