ظرف ہونا چاہیے معیار ہونا چاہیے |
“آدمی کو صاحبِ کردار ہونا چاہیے “ |
راز لوگوں کے عیاں کرنا نہیں مردانگی |
مرد کو تو صاحبِ اسرار ہونا چاہیے |
یہ کیا طرزِ محبت جو کہ یک طرفہ چلے |
گر محبت ہو تو پھر اظہار ہونا چاہیے |
قید ہو یا سلطنت ہو ، زر ہو یا فاقہ کشی |
بندے کو ہر حال میں خود دار ہونا چاہیے |
چاہے کتنی بھی ہو دنیا دلربا اور خوشنما |
دل مگر پروردۂ افکار ہونا چاہیے |
راستے چاہے کٹھن ہوں یا ہو عالم موت کا |
حوصلہ ہر حال میں بیدار ہونا چاہیے |
زین دنیا گر جہالت میں ہے تو باغی بنو |
دھوپ میں اک سایۂ دیوار ہونا چاہیے |
معلومات