یہ باتیں یار نے مجھ سے کہی ہے
نہیں تیری یہ میری زندگی ہے
شۂ رگ کیا جو سر سے پاؤں تک ہے
مرا مقصد اسی کی بندگی ہے
جدھر تو دیکھ لے بس ہم ہی ہم ہیں
یہاں سب میں ہماری روشنی ہے
مقابل آئینہ رکھ دیکھ ہم کو
شناسائی یہی حق آگہی ہے
ازل سے تجھ میں ہیں جلوہ نما ہم
یہ تیرے جاننے میں کچھ کمی ہے
فنا دنیا میں ہو کر چیز ہر اک
پلٹ کر پھر ہمیں سے آملی ہے
کہے جو میں تو پہلے جان ہم کو
تری پھر زندگانی سرمدی ہے
ذکی جو تم رجوع ہوتے ہو خود سے
ہماری تم پہ ساری رہبری ہے

0
3