خواب دیکھا تھا مگر تعبیر ہے اِس کی الگ
پیکرِ گل اور ہے تصویر ہے اِس کی الگ
قاتلوں کے رہنما نے آج محفل لوٹ لی
ہے عمل اس کا الگ ، تقریر ہے اِس کی الگ
بٹ رہا ہے زہر جامِ خوشنما کے روپ میں
ذائقہ اس کا الگ ، تاثیر ہے اِس کی الگ
جیتنا ممکن نہیں لڑ کر غنیمِ وقت سے
یہ لڑائی اور ہے تدبیر ہے اِس کی الگ
کور چشموں کو نظر آتے نہیں اسرارِ عشق
یہ کتابِ حسن ہے تفسیر ہے اس کی الگ
عقل کا قانون چلتا ہی نہیں ہے عشق پر
اُس کا خطہ اور ہے، جاگیر ہے اِس کی الگ

0
6