اب تو ماتم ہے زندگانی کا |
زندگی نام رائیگانی کا |
دل نے سرکار خود کشی کر لی |
کل جنازہ ہے آنجہانی کا |
ہاتھ اٹھتے نہیں دعا کے لئے |
اب یہ عالم ہے بد گمانی کا |
پھر لگے سب ہنسی خوشی رہنے |
ایک انجام ہر کہانی کا |
تم چلے ہو تو ساتھ لے جاؤ |
کیا کروں گا میں اس نشانی کا |
مجھ کو موسی سمجھ لیا ہے کیا |
شور کیسا ہے لن ترانی کا |
اک حسینہ، شراب مدہوشی |
عشق سامان ہے جوانی کا |
ہم اسے دیکھنے کو تر سے ہیں |
جس کو شکوہ ہے بے دھیانی کا |
اب یہاں بلبلیں تو آئیں گی |
شوق پالا ہے باغبانی کا |
سب سے پہلا مکاں خدا کا ہے |
اس پہ دعوی ہے لا مکانی کا |
سنگ باری ہے مضطربؔ ہم پر |
حظ اٹھاتے ہیں گل فشانی کا |
معلومات