خدا سے مانگی ہیں رو رو کے عظمتیں تیری |
مرے وطن مجھے مطلوب رفعتیں تیری |
ہے میرے درد کا درماں تری ہی یادوں میں |
بسی ہوئی ہیں مرے دل میں چاہتیں تیری |
میں کیوں نہ تجھ کو دل و جان سے عزیز کہوں |
مرے تو شاملِ ایماں ہیں الفتیں تیری |
وہ مست صبحیں معطر وہ شام شام تری |
مشامِ جاں میں بسی ہیں وہ نکہتیں تیری |
خدا نے تجھ کو نوازا ہے یوں تو ہر شئے سے |
نہ راس آ سکیں تجھ کو قیادتیں تیری |
کڑا ہے وقت مرے ہم وطن ذرا ہشیار |
نہ رائیگاں ہوں کہیں سب ریاضتیں تیری |
خدا کی حفظ و اماں میں ہے یہ چمن اے عدو |
عبث ہیں سارے فریب و شرارتیں تیری |
دعا ہے ناز کی اے میرے سر بکف غازی |
بلائیں لیں یونہی پیہم شجاعتیں تیری |
معلومات