غزل |
اُن سے وعدہ وفا نہیں ہوتا |
“ وَرنہ دُنیا میں کیا نہیں ہوتا ” |
شکریہ - تہنیت ۔ عنایت کا |
ہاتھ دل سے جدا نہیں ہوتا |
آپ اپنے ہیں، سو شکایت ہے |
غیر سے تو گلہ نہیں ہوتا |
جی عجب وہم پال لیتا ہے |
جب کوئی مشغلہ نہیں ہوتا |
گرچہ گزریں قیامتیں ہر دِن |
حشر پھر بھی بپا نہیں ہوتا |
کشمکش گوں نہ گوں نہیں ہوتی |
زندگی میں مزا نہیں ہوتا |
عشق میں ٹوٹ پھوٹ ہو سو ہو |
تجربہ یہ بُرا نہیں ہوتا |
گرچہ اچھا سبھی نہ ہو تب بھی |
سب یقیناً بُرا نہیں ہوتا |
حُسن جتنا لطیف و ارفع ہو |
عِشق سے ماورا نہیں ہوتا |
ظلم کو تقویت پہنچتی ہے |
حق پہ جب فیصلہ نہیں ہوتا |
جھوٹ لکھوں ضمیر بوجھل ہو |
سچ کہوں حوصلہ نہیں ہوتا |
سوچ لو شہر دل سے جاؤ تو |
واپسی راستہ نہیں ہوتا |
رنجشیں ختم کسطرح ہوتیں |
باہمی مشورہ نہیں ہوتا |
یا تو نشتر دے یا کوئی نسخہ |
درد بڑھ کر دوا نہیں ہوتا |
جڑ تناور شجر کی کٹ جائے |
وہ دوبارہ ہرا نہیں ہوتا |
کاش تدبیر سوجھتی پہلے |
آج یہ حادثہ نہیں ہوتا |
باہمی چاہتیں سلامت ہیں |
مدتوں رابطہ نہیں ہوتا |
گرچہ پل پل نظر میں رہتے ہو |
آمنا سامنا نہیں ہوتا |
قدر آتی ہے دوستوں کی تب |
جب کوئی ہم نوا نہیں ہوتا |
دوستداری میں کچھ بھی کر گزرو |
دِل ہمارا برُا نہیں ہوتا |
شرح لکھ دیں ہزار صفحوں پر |
شعر کا حق ادا نہیں ہوتا |
شوخ بولا شہاب مر بھی جا |
ہنستے ہنستے کہا ” نہیں ہوتا ” |
شہاب احمد |
۱۵ جولائی ۲۰۲۳ |
معلومات