جلسہ سالانہ جرمنی کے نام
محبّت کا عقیدت کا سفر تم کو مبارک ہو
مبارک جرمنی والو! تمہیں جلسہ مبارک ہو
جہاں دل مل کے کرتے ہیں دعاؤں سے پذیرائی
جہاں لب پر دعا رکھتے ، خلیفہ کے ہیں شیدائی
جہاں رونق ہو ، دل کی ساری سستی دور ہو جائے
جہاں سے نعرۂ تکبیر کی اونچی صدا آئے
ملاقاتیں جہاں بچھڑے ہوئے لوگوں سے ہوتی ہیں
خدا کے سامنے آنکھیں جہاں پر مل کے روتی ہیں
جہاں علم و ہنر کے نور سے دل جگمگاتے ہیں
جہاں رحمت کے بادل خیر کی بارش بھی لاتے ہیں
جہاں نورِ الٰہی سے فضا ہوتی منوّر ہے
جہاں الفت کی خوشبو سے ہر اک محفل معطّر ہے
یہاں مہمان سارے جانتے اِخلاص کے گُر ہیں
یہاں پر میزباں سارے خلوص و نور سے پُر ہیں
کہیں پانی کی خدمت ہے، کہیں مُسکاں کی سوغاتیں
کہیں اشکوں میں ڈھلتی ہیں محبّت کی کراماتیں
یہ جلسہ اتحادِ دل کا پیغامِ وفا لایا
یہیں ہر شخص نے اخلاص کا رشتہ نیا پایا
یہاں سنتے ہیں ہم امن و اخوّت کے جو افسانے
یہاں عشقِ محمدؐ سے بھریں دن رات پیمانے
یہاں قرآن کی تعلیم کا پرچار ہوتا ہے
یہاں سنت کا زندہ ہر عمل ہر بار ہوتا ہے
یہاں اک عہدِ بیعت کی تجلی بھی دکھائی دے
یہاں ہر آن دل کو تازگی ، اک رہنمائی دے
جہاں ہر اک دلِ مومن میں جلتا ہے چراغِ دیں
جہاں بڑھتی ہے الفت، مٹتی جاتی ہے کدورت ، کِیں
یہیں اِخلاص کے جھنڈے فضاؤں میں ہیں لہراتے
یہیں صبر و رضا کے باغ خوشبو سے ہیں مہکاتے
محبّت کا عقیدت کا سفر تم کو مبارک ہو
مبارک جرمنی والو! تمہیں جلسہ مبارک ہو

0
2