ہے خوشبو کا مخزن پسینہ نبی کا
گلوں نے سنبھالا خزینہ نبی کا
سجے ہیں جہاں میں ہزاروں مدائن
مگر سب سے افضل مدینہ نبی کا
وہی نا خدا ہیں بچائیں گے سب کو
حوادث میں پایا سفینہ نبی کا
کرم اور عنایت کی تمثیل وہ ہیں
ادب سے مزین ہے سینہ نبی کا
شفاعت کا منصب انہی کے حوالے
ہے جنت کا ہر ایک زینہ نبی کا
عطا اور کرم ہیں نبی کے خصائل
سخاوت کا روشن نگینہ نبی کا
ملے گا اسے امنِ کونین ساغر
سنبھالا ہو جس نے قرینہ نبی کا

0
166