| کرم کر خدایا سعادت ملے |
| ثنائے نبی میں حلاوت ملے |
| ثنا خواں بنوں اُن کے دربار میں |
| عطائے گراں سے یہ قسمت ملے |
| نبی کے ہوں نغمے سدا لطفِ جاں |
| حسیں نوریوں کی رفاقت ملے |
| میں منظر مدینہ کے دیکھوں حسیں |
| مدینہ میں مولا سکونت ملے |
| ہوں نغماتِ دلبر لبوں پر سجے |
| مدینہ میں ایسی عبادت ملے |
| مدینہ کی دیکھوں میں رنگیں بہار |
| خدایا نظر کو لطافت ملے |
| مدینہ میں اپنی سکونت رہے |
| شہے دو سریٰ سے یہ شفقت ملے |
| اے محمود چمکیں سدا بھاگ یوں |
| تجھے شاہِ خوباں سے ہمت ملے |
معلومات