سیرتِ خیر الوری قرآن ہے
مدحِ محبوبِ خدا ایمان ہے
آپ ہیں دونوں جہاں کے تاجدار
عرش سے یہ فرش تک اعلان ہے
آپ کا ہر اک عمل ہے اک کرم
خلق پر کتنا بڑا احسان ہے
آپ کے صدقے بنے دونوں جہاں
ہر کلی میں آپ کی مسکان ہے
رحمتِ عالم کا جلوہ دیکھ کر
آپ پر ہر دل یہاں قربان ہے
آپ صادق اور امین و با وفا
جس کا قائل خود خدا رحمان ہے
آپ کا ہر معجزہ ہے بے مثال
دیکھ کر جس کو جہاں حیران ہے
ہے یہ نسبت ہی منور کو بہت
جو لبوں پر نعت کا عنوان ہے

0
3