ولایت کا ہوا اعلاں غدیرِ خم کی محفل میں
رسول الله ہیں گل افشاں غدیرِ خم کی محفل میں
مبارک ہو مبارک ہو علی تم کو مبارک ہو
یوں کہتا تھا ہر انس و جاں غدیرِ خم کی محفل میں
مبارکباد دینے کو یہ تینوں بھی ہوئے حاضر
ابو بکر و عمر عثماں غدیرِ خم کی محفل میں
ولا و اولیاء میں اولیٰ و والا علی مولا
کُھلا یہ معنیٔ قرآں غدیرِ خم کی محفل میں
منوّر ہونے کو حاضر ہیں دیکھو اولیاء سارے
ولا کا شمس ہے تاباں غدیرِ خم کی محفل میں
اٹھا کر ہاتھ مولا کا نبی نے راز یہ کھولا
کہ ہیں یہ رہبرِ عرفاں غدیرِ خم کی محفل میں
بچا لے گا مجھے محشر میں جو تنگی و وحشت سے
مِلا مجھ کو وہی داماں غدیرِ خم کی محفل میں
بنست بو ذر و سلمان کے مجھ کو پلا ساقی
بٹی تھی جو مۓ عرفاں غدیرِ خم کی محفل میں
مسیحا ہے جو میرا ہے وہی رشکِ مسیحا بھی
کرے گا درد کا درماں غدیرِ خم کی محفل میں
تسدّق مرشد و آقا *اثر* دیکھے اِن آنکھوں سے
رخِ زیبا گلِ خنداں غدیرِ خم کی محفل میں

0
133