مگر یہ تو حقیقت ہے!!!
——
حُسین اِبنِ علیؑ نے وقتِ ہجرت سے ذرا پہلے
بنو ہاشم کے لوگوں کے لیے تحریر چھوڑی تھی
تو اُس تحریر کے اندر فقط دو ہی تو سطریں تھیں
کہ میرے ساتھ آؤ گے تو تُم بھی مارے جاؤ گے
وگرنہ زندگی بھر چین سے بھی جی نہ پاؤ گے
یہ سچ ہے اُن میں کوئی ساتھ دینے تو نہیں آیا
سبھی نے عُذر ڈھونڈے اور سبھی نے معذرت کر لی
تو اپنوں کے رویّوں سے بُہت مایوس ہو کر پھر
نبیﷺ کی قبر پر جا کر مُسلسل گِڑگِڑائے تھے
کہ نانا جان اب یہ شہر رہنے کے نہیں قابل
ہزاروں خط تو وہ بھی تھے جو کُوفے والوں نے لِکھے
وہی کُوفی جو اپنی جاں نِچھاور کر رہے تھے پر
ذرا سے خوف کے پیشِ نظر ہی ڈگمگا اُٹھے
وہی کُوفی جو اپنی بَیعَتوں سے مُنحرف ٹھہرے
کوئی مانے کہ جُھٹلائے مگر یہ تو حقیقت ہے
نبی کے بھی نواسے پر اگر اُفتاد پڑ جائے
تو اہلِ کُوفہ اور اہلِ مدینہ ایک جیسے ہیں
(مرزا رضی اُلرّحمان)

0
1