خبر دی ضروری نبی مصطفیٰ نے
جہانوں کے دانا حبیبِ خدا نے
خدایا تو ذیشاں عُلیٰ رتبہ تیرا
جھکا تیرے آگے سدا سر ہے میرا
نہیں باپ تیرا نہ ہی والدہ ہے
نہ اولاد تیری تو واحد الہ ہے
دعا کے لئے ہیں اُٹھے ہاتھ میرے
کہ افضال تیرے رہیں ساتھ میرے
یہ کونین تیری تو خالق ہے سب کا
غنی میرے مولا تو رازق ہے سب کا
نہیں مثل تیری احد ہے تو اعلیٰ
یہ مخلوق تیری تو مالک ہے اعلیٰ
صمد ذات تیری حسیں بے نیازی
جہاں کھائیں تیرا یہ بندہ نوازی
نبی تیرے لائے جو اسلام دیں ہے
تفاوت کسی میں کہیں بھی نہیں ہے
سجے قدرتوں کے جہاں کارخانے
ملیں رحمتوں کے وہاں پر خزانے
چلے ہر جگہ ہی سدا حکم تیرا
ارادے سے تیرے اندھیرا سویرا
رحیمی اے داتا تو رحمانِ عالم
بڑائی ہے تیری تو سلطانِ عالم
کریمی کروں میں سدا کام اچھے
میں لوں نام تیرے دعاؤں میں اچھے
الٰہی یہ میری سجے زندگی اب
دے لذت مجھے بھی کروں بندگی جب
ندا سن خدایا ہے محمود کرتا
کرم اس پہ کر دے ہے میزاں سے ڈرتا

0
1