غزل
ہم پکاریں ہیں اِدھر آپ اُدھر جاتے ہو
بات بے بات مری جان بگڑ جاتے ہو
چاند چہرے سے ہیں وابستہ ہماری خوشیاں
عید ہوتی ہے وہیں آپ جدھر جاتے ہو
رَوز مشتاق نگاہوں سے بچا کر نظریں
تم عجب شانِ تغافل سے گزر جاتے ہو
آپ سے حفظِ وفا کی نہیں اُمید ہمیں
عہد کرتے ہو، شبِ عہد مُکر جاتے ہو
دل تمھیں خوب محبت سے سمیٹوں لیکن
روز تم کوچۂ جاناں میں بکھر جاتے ہو
گر ہرے پیڑ کے پتے ہو لڑو صر صر سے
خشک کلیاں تو نہیں ہو کہ بکھر جاتے ہو
ہم تمھیں پیار سے سمجھائیں، دلیلیں دے کر
اور اک تم ہو کہ ہر حد ہی سے بڑھ جاتے ہو
زندگی ہنس کے مسرت سے بلاتی ہے تمھیں
روٹھ کر اِس سے شہاب آپ کدھر جاتے ہو
شہاب احمد
۱۵ اپریل ۲۰۲۴

0
1
7
اچھا ہے

0