تیرے گھر کا طواف ہو جائے
دل مرا پاک صاف ہو جائے
دھُونی در پر ترے رما بیٹھوں
زندگی اعتکاف ہو جائے
تیرا عرفاں نصیب ہو مجھ کو
ایسا کچھ انکشاف ہو جائے
ایک تجھ ہی سے تو محبّت ہے
کھُل کے یہ اعتراف ہو جائے
بندگی کا تری تھا عہد کیا
یہ نہ ہو انحراف ہو جائے
خود مری رہنمائی تُو کر دے
جب کوئی اختلاف ہو جائے
حق کی آواز جب اٹھانی ہو
بات پھر وا شگاف ہو جائے
ڈھونڈیں دل سے خدا کو طارِق ہم
دور لاف و گزاف ہو جائے

0
5