نعت |
عقل کو وجداں سکھایا آپﷺ کی تعلیم نے |
آشنا رب سے کرایا آپﷺ کی تعلیم نے |
لائقِ سجدہ نہیں رب کے سوا کوئی یہاں |
بندگی کرنا سکھایا آپﷺ کی تعلیم نے |
فاتحہ تا ناس اک دانش کدہ ہے القراں |
راستہ سیدھا دکھایا آپﷺ کی تعلیم نے |
سب زمین و آسماں جس نے منور کر دیئے |
قمقمہ ایسا جلایا آپﷺ کی تعلیم نے |
پر جلیں جس جا فرشتوں کے وہاں پہنچا دیا |
آدمی انساں بنایا آپﷺ کی تعلیم نے |
روم و فارس کو تہ و بالا کیا ایام میں |
معجزہ وہ بھی دکھایا آپﷺ کی تعلیم نے |
کربلا میں سر کٹانے پر نہ جھکنے کا سبق |
ظلم سے لڑنا سکھایا آپﷺ کی تعلیم نے |
رنگ و خوں یا پھر لسانی فرق ہی بنیاد ہیں |
تفرقہ سارا مٹایا آپﷺ کی تعلیم نے |
بغض، کینہ، وسوسے سب سے شفا کامل ملی |
دل کئے ایسے مُصفا آپﷺ کی تعلیم نے |
آدمی آزاد ہے فکر و عمل میں ہر طرح |
جبر کو غاصب بتایا آپﷺ کی تعلیم نے |
اب جو حاصل ہے فروغ آزادیِ جمہور کو |
یہ خمیر اصلاً اٹھایا آپﷺ کی تعلیم نے |
دشمنی بھی ختم ہو سکتی ہے حُسنِ خُلق سے |
یہ سلیقہ بھی سکھایا آپﷺ کی تعلیم نے |
آپﷺ نے ہم کو سکھائے بادشاہی کے ہنر |
شہ گداؤں کو بنایا آپﷺ کی تعلیم نے |
گنبدِ خضرا علامت آپ کے افکار کی |
دشت میں گلشن کھلایا آپﷺ کی تعلیم نے |
جاہلیت کی علامت شہر مکہ تھا جسے |
نور کا مرکز بنایا آپﷺ کی تعلیم نے |
فخر سے مرشد یہ بولے چوم لوں تیرا قلم |
مرتبہ عالی دلایا آپﷺ کی تعلیم نے |
رب کی نظروں میں شہاب احمد برابر ہیں سبھی |
عدل کو ممکن بنایا آپﷺ کی تعلیم نے |
شہاب احمد |
۱۷ ستمبر ۲۰۱۸ |
معلومات