تسکین ہوئی دل کی چہرہ بھی نکھر آیا |
جبریلِ امیںؑ اُترا پیغامِ خدا لایا |
وابستہ اِسی سے ہے ہر ایک خوشی اپنی |
تیرہ رجب آئی تو دل کِھل اُٹھا مرجھایا |
والی ہے یتیموں کا, مولا ہے فقیروں کا |
ہے ابنِ ابو طالبؑ یہ فاطمہؑ کا جایا |
یہ وجہِ ہدایت ہے, ذکر اِس کا عبادت ہے |
بے دین ہوا ہے وہ, جس نے اِسے جُھٹلایا |
یہ خندق و خیبر سے معلوم ہُوا ہم کو |
ہے ذاتِ علیؑ تنہا اسلام کا سرمایہ |
حیدرؑ ہے ید اللہ بھی حیدرؑ اسد اللہ بھی |
اللہ سے حیدرؑ نے ہر ایک شَرف پایا |
مولا علیؑ کی الفت, اللہ کی ہے نعمت |
فرمان ہمیں حق کا سرکارؐ نے بتلایا |
کعبے میں دراڑ آئی افلاک جُھکے شاہدؔ |
وہ فخرِ نبیؐ یعنی, اللہ کا شیر آیا |
معلومات