ناز افشین بن گئے ہیں آپ
وجہ تسکین بن گئے ہیں آپ
آپ کی یاد اور کوہ ندا
کتنے سنگین بن گئے ہیں آپ
ایک بے رنگ زندگی کے لئے
عکسِ رنگین بن گئے ہیں آپ
ایک بے آب کشتِ گل کے لیے
گلِ نسرین بن گئے ہیں آپ
تشنہ کامو ! بہت مبارک ہو
جامِ نوشین بن گئے ہیں آپ
باعثِ بخششِ طیورِ غریب
شاخِ ثمرین بن گئے ہیں آپ
اب دعائیں قبول ہونی ہیں
لفظِ آمین بن گئے ہیں آپ

0
6