کس بستی میں
آن بسا ہوں
جس بستی کی
ہر شے پتھر
رستے پتھر
کوچے پھتر
قریے پتھر
چپے پتھر
گھر پتھر کے
در پتھر کے
اس بستی میں
چلتے پھر تے
کیسے کیسے
پتھر دیکھے
ہلکے پتھر
بھاری پتھر
ہر جذبے سے
عاری پتھر
سستے پتھر
مہنگے پتھر
اچھے پتھر
اوچھے پتھر
ادنیٰ پتھر
اعلیٰ پتھر
جعلی پتھر
عالی پتھر
سچے پتھر
کھوٹے پتھر
دبلے پتھر
موٹے پتھر
جاہل پتھر
عاقل پتھر
عالم پتھر
ظالم پتھر
اصغر پتھر
احقر پتھر
کمتر پتھر
بر تر پتھر
سچا ئی سے
او جھل پتھر
حرص و ہوا سے
بو جھل پتھر
کا لے پتھر
گو رے پتھر
دانائی سے
کورے پتھر
آجر پتھر
تاجر پتھر
ہر صورت سے
کافر پتھر
جید جید
عابد پتھر
چیدہ چیدہ
زاہد پتھر
جو چہرہ تھا
پتھر کا تھا
اس بستی میں
جس کی خاطر
میں آیا تھا
وہ بھی پتھر
اس کی آنکھیں
پتھر کی تھیں
اس کی سانسیں
پتھر کی تھیں
اس کی آہیں
پتھر کی تھیں
اس کی باتیں
پتھر کی تھیں
اس کا لہجہ
پتھر کا تھا
اس کا چہرہ
پتھر کا تھا
گیتوں کی لے
پتھر کی تھی
اس کی ہر شے
پتھر کی تھی
اس بستی کو
چھوڑ آیا ہوں
ہر اک نسبت
توڑ آیا ہوں
لیکن اک دن
پھر آؤں گا
جب میں پتھر
بن جاؤں گا

0
159