محمد جان عالم ہیں کوئی جانے تو کیا جانے |
حقیقت ہے ترا رتبہ فقط تیرا خدا جانے |
ترے رتبے کی حد بندی پہ بہتر ہے سکوتِ لب |
وہ عبدِ خاص ہیں رب کے خدا سے نہ جدا جانے |
خدا سے مانگتا ہوں میں محمد کے وسیلے سے |
ملے گا کب ثمر اس کا خدا جانے دعا جانے |
شبِ معراج خالق سے ہوئیں جو راز کی باتیں |
کیا مانگا دیا کیا یہ خدا و مصطفیٰ جانے |
یوں بولے طائرِ سدرہ مری تو حد یہاں تک ہے |
ترا رتبہ ہے لا محدود کوئی نہ انتہا جانے |
عتیق اپنے نبی کی تو ثنا کا رکھ عمل جاری |
وہ مقبولِ جہاں ہو گی نبی جانے ثنا جانے |
معلومات